دارالعلوم دیوبند میں افغانستان کے بادشاہ ظاہر شاہ کی تاریخی یادگار باب الظاہر | darul uloom deoband
Автор: Al Zujajah Tv Official
Загружено: 2025-10-09
Просмотров: 14264
Описание:
وقت کی کروٹوں پر مسکراتا بابُ الظاہر
✍️: شکیل منصور القاسمی
تاریخ کا سفر اپنے جلو میں عجب نشیب و فراز سمیٹے ہوئے ہوتا ہے، وہ قافلے، جو کبھی دنیا والوں کے لئے دشمن سمجھے جاتے تھے، آج انہی کے قدوم میمنت کے لیے سرخ قالین بچھائے جا رہے ہیں، ہائے رے سیاست! کیا کیا رنگ ہیں تیرے؟
یہاں نہ کوئی نقش مستقل ہے، نہ کوئی چہرہ بے داغ !
پھر تعجب بھی کیسا؟ سیاست کا مزاج ہی کچھ ایسا ہے کہ کل کا مخالف آج کا مہمان بن جاتا ہے اور کل کے طعنہ زن ، آج استقبال میں جھک کر کھڑے نظر آتے ہیں۔
۲۸ فروری ۱۹۵۸ء کا وہ تاریخی دن آج بھی دارالعلوم دیوبند کی تاریخی فضاؤں میں تازہ ہے، جب افغانستان کے بادشاہ، متوکل علی اللہ محمد ظاہر شاہ نے اس روحانی و علمی مرکز کا شرفِ زیارت حاصل کیا تھا، ان ہی کے نام سے قائم کیا گیا پُرشکوہ بابُ الظاہر آج بھی ماضی کے اس سنہرے باب کی خاموش گواہی دے رہا ہے۔ اس دروازے کی طہارت و مَجْد کا “نقطہ”(وسیع تر تاریخی پس منظر میں ) حوادث و انقلابات، یُورِش و شَورِش کے ہاتھوں بھی ماند نہ پڑ سکا۔
اور اب تاریخ کا ایک نیا باب رقم ہونے کو ہے۔ ہفتہ، ۱۱ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو امارتِ اسلامی افغانستان کے موجودہ وزیرِ خارجہ، مولانا امیر خان متقی ہندوستان کے سرکاری دورے کے دوران اسی دارالعلوم دیوبند کے صحن میں قدم رکھ کر اکابر کے فیضانِ علم سے سندِ حدیث حاصل کرنے والے ہیں:
اس کاخِ فقیری کے آگے شاہوں کے محل جھک جاتے ہیں
وہی ہندوستان، جو کبھی طالبان کے نام سے خائف و لرزاں تھا، انہیں دہشت گرد قرار دے کر منہ موڑتا تھا، آج انہی کے نمائندے کو باعزت مہمان کے طور پر خوش آمدید کہنے کو تیار ہے۔
یہ کوئی معمولی منظر نہیں؛ یہ تاریخ کی پلٹتی ہوئی بساط ہے، جہاں ماضی کی تلخیاں اور حال کے مفادات وضرورتیں ایک دوسرے سے بغلگیر دکھائی دیتی ہیں۔ کبھی جس فکر کو دنیا سے کاٹ دینے کی کوشش کی گئی تھی، آج اسی فکر کے نمائندوں کو باضابطہ سفارتی حیثیت دی جا رہی ہے۔
دوسری طرف دارالعلوم دیوبند، وہی عظیم علمی و روحانی مرکز، جس نے برصغیر میں علم و ایمان کا چراغ روشن کیا، ایک بار پھر تاریخ کے ایک اہم اور تابناک موڑ پر کھڑا ہے، اس کی عظمتوں کے قصیدے پھر سے پڑھے جا رہے ہیں، اس کی لازوال و اَن مٹ رفعتوں کو سلام کیا جارہا ہے ، وہی فضائیں، جو کبھی شاہِ ظاہر کی آمد کی گواہ تھیں، اب ایک ایسے نمائندے کا استقبال کرنے کو تیار ہیں جس کی پشت پر زمانے کا ایک نیا عالمی باب تحریر ہو رہا ہے، اور *بابُ الظاہر*… آج بھی خاموشی سے ایستادہ، تاریخ کے بدلتے رنگوں کا گواہ ہے۔
یہ منظر ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ سیاست میں کوئی شے ابدی نہیں؛ نہ دشمنی ہمیشہ رہتی ہے، نہ دوستی جاوداں۔ وقت کی موجیں تخت و تاج کو بہا کر نئے ساحل تراشتی رہتی ہیں۔ اور تاریخ… ہر منظر کو اپنے صفحات میں سنبھال لیتی ہے۔
اللہ تعالیٰ دارالعلوم دیوبند کو ہمیشہ اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے،اس کے چراغِ علم وعرفاں کو قیامت تک روشن فرمائے اور اسے دینِ متین کی خدمت کا عظیم مرکز بنائے رکھے، اس کے فیض کو ہمیشہ جاری و ساری رکھے:
یوں سینۂِ گیتی پر روشن ، اسلاف کا یہ کردار رہے
آنکھوں میں رہیں انوار حرم ، سینے میں دلِ بیدار رہے
@alzujajahtvofficial
Повторяем попытку...
Доступные форматы для скачивания:
Скачать видео
-
Информация по загрузке: